مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیریوں کو بے اختیار اور محکوم رکھنا بی جے پی کے استعماری جارحیت کے منصوبے کا حصہ ہے ، شبیر شاہ

سرینگر19 اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عارضی طورپر مقیم بھارتی شہریوں کو نام نہاد اسمبلی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے پربھارتی قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مقبوضہ علاقے کے عوام کو بے اختیار اورانہیں محکموم رکھنے کی ایک اور کوشش قراردیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بی جے پی کی حکومت کے اس استعماری جارحیت کے منصوبے کا اہم مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار اورمحکموم کرنا ہے ۔ انہوں نے اس اقدام کو انتخابی سیاست میں کشمیریوں کی مرکزیت کو کم کرنے کے فسطائی مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیراور اس کے عوام کو فتح کرنا اور ان کے وسائل پر قبضہ بھارت کی ہندوتوا قوتوں کا دیرینہ خواب رہا ہے ۔ شبیر شاہ نے کہاکہ دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی سے لے کر جموں وکشمیر کے ڈومیسائل قانون میں ترامیم تک اور نئی انتخابی حلقہ بندیوں سے لیکر کسی خاص پارٹی کے حق میں اقتدار کے توازن کو جھکانے تک اور اب بھارتی شہریوںکو ووٹنگ کے حقوق دینا مودی حکومت کے وہ خطرناک اقدامات ہیں جو کہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے ، کشمیریوں کی سیاسی ، مذہبی اور ثقافتی شناخت مٹانے کیلئے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوںبلکہ بھارت کے قانون کی بھی صریحاخلاف ورزی ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء نے کشمیری عوام کو مودی حکومت کی اس نئی سازش کو ناکام بنانے کیلئے جدوجہد کرنے پر زوردیتے ہوئے کہاکہ کشمیریوںکو بے اختیار کرنااورانکا خاتمہ بی جے پی کا حتمی مقصد تھا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی شہریوں کے ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے مودی حکومت کے تازہ اقدام سے بی جے پی کی کشمیر دشمن پالیسیوں اور ریاست میں ایک فسطائی وزیر اعلی لانے کے اس کے منصوبے کی عکاسی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ماضی میں بھی بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور وہ مستقبل میں بھی اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام خود کو اپنے ہی وطن میں دوسرے درجے کے شہری بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔شبیر شاہ نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کو یقینی بنائیں۔انہوں نے عالمی برداری پر بھی زوردیا کہ وہ بھارتی حکومت کو کشمیر میں اپنے جرائم کیلئے جوابدہ ٹھہرائے اور اسے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے سے روکیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button