بی جے پی خواتین کی عزت و ناموس سے کھلواڑ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے رہی ہے، فاروق حسین
حیدر آباد19 اگست (کے ایم ایس)بھارتی ریاست تلنگانہ میں رکن قانونی ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ملک میں خواتین کی عزت و ناموس سے کھلواڑ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ فراہم کر رہی ہے اور دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فاروق حسین نے ایک بیان میں کہا کہ بلقیس بانو کی عصمت دری اور انکے خاندان کے افراد کو قتل کرنے والوںکو گجرات حکومت کی طرف سے معافی ملنے کے اقدام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بی جے پی ملک میں قتل و غارت اور عصمت ریزی کے واقعات کو کس قدر غیر اہم سمجھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلقیس بانو کے معاملے میں گجرات کی بی جے پی حکومت کا فیصلہ کوئی نیا فیصلہ نہیں ہے بلکہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں 2018میں پیش آنے والے آصفہ بانو کے کی اجتماعی آبروریزی و قتل کے واقعے کے مجرمو ں کے حق میں بھی بی جے پی والوں نے ریلی نکالی تھی جبکہ سال 2018میں ہی جھارکھنڈ میں مسلمان تاجر کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے والے مجرموں کی ضمات پر رہائی کے بعد بی جے پی کے مرکزی وزیر جینت سنہا نے ان پر گلپوشی کی تھی۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی کے رہنما ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیںجو عصمت دری اور قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔ فاروق حسین نے مزید کہا کہ جھار کھنڈ قتل کے ملزموں کی رہائی پر انکا خیر مقدم ، آصفہ کے مجرموں کی تائید اور اب بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ بی جے پی ملک میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور جرائم کا ارتکاب کرنے والو ں کی حمایت کر رہی ہے ۔