دفعہ 370اور 35Aکی بحالی اجتماعی جدوجہد سے ہی ممکن ہے: فاروق عبداللہ
سرینگر30اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنیشنل کانفرنس کے صدرفاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ دفعہ 370 اور 35Aکی بحالی اس وقت تک آسان نہیں جب تک تمام سیاسی جماعتیں اور لوگ متحد ہو کر اس کے لیے جدوجہد نہ کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے آج ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ وہ پہلے ہی بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کر چکے ہیں اور اس دن کا انتظار کر رہے ہیں جب وہ ایک بنچ تشکیل دے کر درخواست کی سماعت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370اور 35A کی بحالی آسمان سے نہیں ہو گی بلکہ ہم سب کو مل کر اس کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ مجھے امید ہے کہ وہ دن آئے گا اور دفعہ370کو وقار اور عزت کے ساتھ دوبارہ بحال کیا جائے گا۔این سی رہنما نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام کو اعتماد میں لئے بغیر غیر آئینی طور پر مقبوضہ جموں وکشمیرکو مرکزکے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہونے والے انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ وہ اسمبلی سے قرارداد منظور کر اسکے ۔ اس کے بعد وہ سپریم کورٹ سے بنچ تشکیل دینے کی درخواست کرے گی جو ان کے حق میںفیصلہ دے گا۔