بی جے پی رہنما کا اپنی ملازمہ پر ظلم کی انتہا، یرغمال بنایا، دانت توڑے اور توے سے داغا
رانچی30اگست(کے ایم ایس)بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں بی جے پی کی رہنماسیما پاترا نے ایک معذور گھریلو ملازمہ کو طویل مدت تک اپنے گھر میں یرغمال بناکر اس پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں ۔
اس سلسلے میں رانچی کے ارگوڑا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ریٹائرڈآئی اے ایس افسرکی بیوی سیما پاترا پر الزام ہے کہ اس نے گزشتہ آٹھ سال سے گھریلو ملازمہ پر ظلم کی انتہا کردی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملازمہ کو گھر سے باہر تک نہیں نکلنے دیا جا رہا تھا۔ گھر میں یرغمال بنی معذور ملازمہ نے کسی طرح موبائل پر وویک آنند باسکے نامی ایک سرکاری ملازم کو پیغام بھیج کر اپنے اوپر ہو رہے مظالم کے بارے میں بتایا۔ انہی کی اطلاع پر ارگوڑا تھانے میں شکایت درج کی گئی۔متاثرہ ملازمہ کا نام سنیتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ سیما پاترا نے اسے طویل مدت تک یرغمال بنا کر رکھا اور حیوانیت کی حدیں تب پار ہو گئیں جب راڈ سے سنیتا کے دانت توڑ دیئے گئے۔بی جے پی رہنما نے اس دوران متاثرہ ملازمہ کو کئی بار گرم توے سے داغا جس کے نشان بھی اس کے جسم پر موجود ہیں۔ جب پولیس نے سنیتا کو بازیاب کیا تو وہ ٹھیک سے چل بھی نہیں پا رہی تھی۔ سنیتا کو ریسکیو کرانے کے بعد سخت سیکورٹی میں علاج کیا جا رہا ہے۔ صحت یاب ہونے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔سیما پاترا کی طرف سے ملازمہ پر ظلم و بربریت کی خبریں سامنے آنے کے بعد بی جے پی نے انہیں پارٹی سے معطل کرنے کا اعلان تو کر دیا ، تاہم اسے ابھی تک گرفتارنہیں کیاگیا۔