عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے :کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 03 ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں جای انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے 05 اگست 2019 کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد علاقے کو عملی طور پر ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں عوام کے تمام بنیادی انسانی حقوق اور آزادیاں سلب کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پرگھروں پر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بیگناہ شہریوں کے قتل، گرفتاریوں، تشدد اور دیگر مظالم سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے علاقے کے بے گناہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو ہراساں اورشہید کر رہے ہیں لیکن کشمیری عوام جدوجہد آزادی کو منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر حالیہ رپورٹ عالمی برادری کے لیے چشم کشا ہونی چاہیے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے گزشتہ تین سال کے دوران وہاں انسانی حقوق کی پامالیوںمیں تیزی لائی ہے۔