بھارت گرفتار نوجوانوں کو قتل کرنے کے لیے سوچے سمجھے منصوبے پر کام کر رہا ہے: حریت رہنما
سرینگر21نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اوردیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج اور پولیس ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر کے دوران حراست قتل کر رہی ہے اورپھرپہلے سے تحریرشدہ یہ بیان جاری کررہی ہے کہ ”ایک عسکریت پسند کراس فائرنگ میں مارا گیاہے۔”
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان، حریت رہنما ڈاکٹر مصعب، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر مسلم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے سجاد احمد اس طرح کی ٹارگٹ کلنگ کا تازہ شکاربن چکے ہیں۔ انہوں نے ان کے قتل کو بزدلانہ اور سفاکانہ فعل قرار دیا۔بھارتی فوج اور پولیس نے متعدد گرفتار نوجوانوں کو اسی طرح قتل کیا ہے جس میں وہ ایک نوجوان کو گرفتار کر کے ویران علاقے میں لے جا کر جعلی مقابلے میں شہید کر دیتے ہیں اور پھر پہلے سے تحریرشدہ بیان جاری کیا جاتا ہے کہ نوجوان عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کہا کہ مودی حکومت اور اس کی فوج اور پولیس نے حریت کارکنوں، نوجوانوں، دانشوروں اور صحافیوں کی ٹارگٹ لسٹ تیار کی ہے اور اب ایک ایک کرکے انہیں نشانہ بنا رہی ہیں۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور جمہوریت کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ وہ گہری نیند سے جاگ جائیں اور دہلی میں ہندوتوا حکومت کی سرپرستی میں ان ماورائے عدالت قتل کو روکنے کے لیے آگے آئیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی ایک ٹویٹ میں مودی حکومت کی سازش کو پہلے ہی بے نقاب کر چکی ہیں۔سجاد احمد کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک اور کشمیری جس پر ہائبرڈ عسکریت پسند ہونے کا الزام تھا، پولیس کی حراست میںقتل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہی کہانی دہرائی گئی ہے کہ ایک مبینہ عسکریت پسند کو خفیہ ٹھکانے پر لے جایا گیا اور اس کے بعد پراسرار حالات میں اسے گولی مار دی گئی ۔