بھارت:ہریانہ یونیورسٹی میں فائرنگ سے دو طلبا ء سمیت چارافراد زخمی
روہتک04ستمبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے روہتک میں مہارشی دیانند یونیورسٹی میں ہفتے کو شام دیر گئے فائرنگ کے ایک واقعے میں دو طالب علموں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ گورنر بنڈارو دتاتریہ کے جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں ،یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد وہاں سے روانگی کے فوراً بعد پیش آیا۔تین افراد کو اس جرم میں ملوث بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایس ایچ او پرمود گوتم نے بتایاکہ چارافراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ فائرنگ کس نے کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اس جرم کے پیچھے کچھ مالی تنازعہ ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں سے ایک شدید زخمی ہے۔زخمیوں میں کلدیپ ، سشی ، ودیوت ،اور ہریش شامل ہیں۔ کلدیپ کی حالت نازک ہے کیونکہ اس کے منہ کے قریب گولی لگی ہے، باقی تین کو ہاتھ اور پیٹ میں گولیاں لگی ہیں۔