مقبوضہ جموں وکشمیر: ادھمپور میں بی ایس ایف اہلکار کی پراسرار موت
جموں 27 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے ضلع ادھمپور میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک اہلکار پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بی ایس ایف کی16 بٹالین سے وابستہ ہیڈ کانسٹیبل ضلع کے ایس ٹی سی ٹریننگ سینٹر میں ڈیوٹی کے دوران پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سریندر کمار نامی بی ایس ایف اہلکار ڈیوٹی کے دوران بے ہوش پایا گیا اور اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ موت کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی تاہم ادھم پور پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔
دریں اثناءضلع راجوری کی تحصیل تھنہ منڈی کے علاقے پلنگھر میں لوگوں نے دھرم راج کنسٹرکشن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کمپنی راجوری سے بفلیاز تک سڑک کی بہتری پر کام کررہی ہے۔ مظاہرین کمپنی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا رہے تھے کہ وہ گزشتہ 4 ماہ سے انہیں تنخواہ ادا نہیں کر رہی ہے۔ احتجاج کرنے والے کارکنوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ کمپنی میں ملازم ہیں اور ابتدائی دو ماہ انہیں تنخواہ بروقت دی گئی لیکن اس کے بعد گزشتہ تین ماہ سے انہیں تنخواہ نہیں دی گئی۔