APHCآزاد کشمیر

شیخ تجمل الاسلام کو پہلی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش

Picsart_22-09-06_14-26-07-286اسلام آباد 06ستمبر (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرنے معروف دانشور، تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مرحوم شیخ تجمل الاسلام کو ان کی پہلی برسی کے موقع پر کشمیر کاز کیلئے گرانقدر اور بے مثال خدمات انجام دینے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔
شیخ تجمل اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی مجلس منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے کے ایم ایس کو عملی طور پر ایک نظریاتی تنظیم میں تبدیل کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی تک شیخ تجمل الاسلام کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیدائشی حریت پسند شیخ تجمل الاسلام نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی بھرپور اور عملی طور پر مخالفت کی۔ انہیں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پربھارتی غیض وغضب کا سامنا کرنا پڑا اور 1974سے 1984تک کئی بار جیل کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔انہیں آزادی پسندی اور بھارت مخالف موقف اور سرگرمیوں کے باعث بھارتی فورسز نے ظلم و ستم کانشانہ بھی بنایا ۔ شرکاء نے شیخ تجمل الاسلام کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام تحریک آزادی کشمیر کا ایک بیش قیمت اثاثہ تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کیلئے وقف کررکھی تھی۔اس موقع پر 6ستمبر 1965کے شہداء کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا ء نے کہا کہ ان شہدا ء نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں اور ان کی بہادری اور جرات پاکستان کی شاندار تاریخ اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ان شہیدوں نے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو مضبوط کیا۔ شرکا ء نے 6ستمبر 1965کے شہداء ا ور شیخ تجمل الاسلام کی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں شیخ تجمل الاسلام کو ان کی پہلی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیر کاز کیلئے ان کی بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شیخ تجمل الاسلام نے سیاسی، سفارتی اور صحافتی محاذوں پر ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ شیخ صاحب ایک حقیقی دانشور، مفکر اور ادیب تھے جنہوں نے صحافت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ تجمل الاسلام تنازعہ کشمیرسے متعلق حقائق کے حوالے سے ایک سند کی حیثیت رکھتے تھے ۔الطاف وانی نے کہا کہ شیخ صاحب کے انتقال سے ایک بہت بڑا خلا ء پیدا ہو گیا جسے آسانی سے پر ُنہیں کیا جا سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں عبدالصمد انقلابی ، خادم حسین اور سبط شبیر قمی نے اپنے بیانات میں شیخ تجمل الاسلام کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ تجمل الاسلام کشمیریوں کی تحریک آزادی کے انتہائی متحرک اور ہردلعزیز رہنما اوروکیل تھے جن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا ء کبھی پرُ نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا شیخ تجمل الاسلام کاشمار سب سے زیادہ قابل احترام اور صاحب رائے شخصیات میں ہوتاتھا۔ KMS-08/Y

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button