فسطائی بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے:مسرت عالم بٹ
نئی دہلی21دسمبر(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے افسوس کا اظہار کیاہے کہ فسطائی بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف بھرپورجنگ چھیڑ رکھی ہے لیکن عالمی برادری نے اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیارکررکھی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے بھیجے گئے ایک پیغام میں بھارتی حکام کی طرف سے تحریک مزاحمت کے قائد شہید سید علی گیلانی کی رہائش گاہ اور جماعت اسلامی سے وابستہ سینکڑوں اثاثہ جات کو سیل کرنے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج گزشتہ کئی دہائیوں سے قتل وغارت ، تشدد، جبری گرفتاریوں، خواتین کی آبروریزی اور املاک کی تباہی سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںکے باوجود حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیں یہ ناقابل تنسیخ حق نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت بھارتی فوجی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتی۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جو تنازعہ کشمیر کا ایک قانونی فریق ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے رجوع کرے اور ان سے کہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم روکنے پر مجبور کرے۔ حریت چیئرمین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اپنی آنکھیں کھولنے اور غیر جانبداری سے دیکھنے کی ضرورت ہے کہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں کیا ہو رہا ہے۔