وزیر اعظم پاکستان کا اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کشمیر یوں کیلئے تقویت کا باعث ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر 24 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کاز کا حقیقی چیمپئن ہے جس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ایک مرتبہ پھر عالمی فورم پر جاندار طریقے سے آواز بلند کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ میں بھر پور تقریر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کرنے والے مظلوم کشمیریوں کے باعث تقویت ہے ۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیری بین الاقوامی فوموں پر اپنی بھر پور نمائندگی اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی واضح حمایت کے اظہار پر پاکستان کے مشکور ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگرسے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کے لیے پاکستان ہی واحد امید ہے اور ان کے دل پاکستانی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی حالت زار کو اٹھانے پر پاکستان، او آئی سی اور دیگر تمام فورمز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت جس موثر طریقے سے طرح کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی ہے اس سے کشمیر کاز کے لیے اس کے عزم، خلوص اور لگن کا پتہ چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نہ صرف عالمی ادارے کو کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے یاد دلائے بلکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فورسز کے جرائم اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی مذموم بھارتی کوششوں کو بھی بے نقاب کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کی تقریر کو کشمیریوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن ہے۔ غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر ترک صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماو¿ں سید بشیر اندرابی اور خواجہ فردوس نے بھی سری نگر میں ایک مشترکہ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے آگے آئے جیسا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں زور دیا ۔
دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماﺅں اور دیگر بشمول حاجی محمد سلطان، چوہدری شاہین اقبال، الطاف حسین وانی، عبدالمجید میر، قاضی محمد عمران، گلشن اقبال، اشفاق بھروال، نذیر احمد، خالد وانی اور ندیم احمد وانی نے کشمیرکاز اور بھارت تسلط میں کشمیریوں کے مصائب اور تکالیف کو اجاگر کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔