مقبوضہ جموں و کشمیر

یوم یکجہتی کشمیرپاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی شناخت ہے ، بیرسٹر سلطان، عبدالقیوم نیازی

مظفرآباد 04 فروری (کے ایم ایس) آزاد کشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے پاکستان کی طرف سے آج 05فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی شناخت ہے۔
آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 05فروری کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی شناخت ہے۔ جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے یہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا اور ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں۔سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومت کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر منائے جانے سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائے اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ہم بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے بنیادی حق،حق خودارادیت میں رکاوٹ نہ بنے بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے اس دیرینہ مسئلہ کو حل کرے۔ کشمیری عوام ریاست جموں و کشمیر کو ناقابل تقسیم وحدت سمجھتے ہیں۔ ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری عوام کیلئے وہی حل قابل قبول ہو گا جو انکی خواہشات اور اقوام متحد ہ کی قراردادوں کے مطابق ہو گا ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ 05فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیرصرف پاکستان اور آزادکشمیر میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کوجو ش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔انشا اللہ وہ وقت دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزاد فضا میں فتح کا جشن منائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست2019اور اس کے بعد انتہا پسند آر ایس ایس کی بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو کشمیری عوام نے یکسر مستر د کر دیا ہے۔ انہوں نے کنٹرول لائن پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماند کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے مادروطن کی حفاظت کے لیے قربانیوں کی ان مٹ تاریخ رقم کی۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ کشمیریوں کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر پورا اعتماد ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل اور محسن ہے جس نے ہر فورم پر محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرشدید تشویش ظاہر کی ۔انہوں نے کہاکہ تمام تر بھارتی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی اور وہ جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button