بھارت کے جوہری ہتھیار وں پر قوم پرستی کے جنون میں مبتلا ہندو انتہا پسندوں کے کنٹرول پر اظہار تشویش
اسلام آباد27ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت کے جوہری ہتھیاروں پر اب طویل عرصے سے قوم پرستی کے جنون میں مبتلا ہندو انتہا پسند لیڈروں کے زیر کنٹرول ہیں۔
روزنامہ ڈان میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق اس تشویش کا اظہار جو کچھ عرصے سے علمی حلقوں میں زیر بحث رہا ہے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد احمد قدوائی نے سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز اور دی انٹرنیشنل اور انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیزکے زیر اہتمام جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کے موضوع پر آٹھویں ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول اب ایک انتہا پسنداور بنیاد پرست قیادت کے ہاتھ میں آچکاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوتوا نظریے کا زہریلا مرکب اور جوہری ہتھیاروں کی تحویل ایک نیا رجحان ہے جس سے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ جنرل قدوائی نے خبردار کیا کہ یہ پیش رفت نہ صرف جوہری ہتھیاروں سے لیس جنوبی ایشیا کو متاثر کرے گی بلکہ باقی دنیا پر بھی اس کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انڈین نیشنل کمانڈ اتھارٹی، اعلی جوہری ادارے کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کر رہے ہیں، جنہوں نے بطور وزیر اعظم جارحانہ جوہری موقف برقرار رکھا ہے۔ اس دوران این سی اے کی ایگزیکٹو کونسل کی سربراہی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کر رہے ہیں جو 2016کے نئی دلی کے سرجیکل اسٹرائیک ڈرامے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ انتہاپسند قیادت میں وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی شامل ہیں۔اپنی عوامی ریلیوں میں وزیرا عظم مودی جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ مودی کی نگرانی میں ان کے وزرا اور ریٹائرڈ سینئر عہدیداروں نے جوہری نظریے میں تبدیلیوں کا اشارہ دیا ہے، جس کی انہوں نے بعد میں تردید کی۔ ان کے وزرا بھی مختلف مواقع پر اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دے چکے ہیں۔جنرل قدوائی نے خبردار کیا کہ بھارتی جوہری ہتھیاروں پر انتہاپسندوں کے کنٹرول سے لاحق خطرے نے ایک حقیقی زندگی کا کردار اور رفتار اپنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ بیرونی دنیا کو بھی متاثر کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فروری 2019 میں بالاکوٹ پرفضائی حملپ اور مارچ 2022 کے کروز میزائل کا واقعہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ملک کے خلاف بھارتی انتہا پسندقیادت کی جارحیت کی واضح مثالیں ہیں۔