”ووٹ مت دو اور پاکستان چلے جاﺅ“بہار میں خاتون آئی اے ایس افسر کی طالبات کیساتھ گفتگو
پٹنہ30 ستمبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست بہار میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس( آئی اے ایس)کی ایک خاتون افسر نے سکو ل کے دورے کے دوران طالبات کے اس سوال کہ حکومت ووٹ لینے کے لیے ہمارے پاس آتی ہے سخت برہم ہو کر جواب دیا کہ ”ووٹ مت دو اور پاکستان چلے جاﺅ“۔
خاتون افسر ہر جوت کور کے پاکستان چلے جاﺅ کے جواب پر طالبہ نے برجستہ کہا کہ ہم بھارتی ہیں تو پھر پاکستان کیوں جائیں۔ طالبات نے سکول کے دورے کے دوران خاتون آئی اے ایس افسر سے مزید کچھ سوالات بھی کیے جنکا وہ انتہائی ناشائستہ جواب دیتی رہیں۔ایک طالبہ نے پوچھا جب حکومت سائیکل ، کپڑے اور دیگر سہولیات دیتی ہیں تو ہم لڑکوں کو حکومت بیس تیس روپے کے سینٹری پیڈ بھی دے سکتی ہے جس پر خاتون افسر نے کہا کہ آج آپ کہہ رہے ہیں کہ حکومت سینیٹری پیڈدے تو کل آپ کہیں گے کہ حکومت جینز اور جوتے بھی دے ، آخر آپ کو امید کیا ہے کہ حکومت آپ کو کنڈوم بھی دے گی۔ایک طالبہ نے کہا کہ سکول میں لڑکیوں کا بیت الخلا ٹوٹا ہوا ہے اور انہیں لڑکوں کا بیت الخلا استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس پر افسر ہرجوت کور نے کہا کہ مجھے بتائیں کیا آپ کے گھر میں الگ الگ بیت الخلا ہیں۔ خاتون افسر کے ان مضحکہ خیز جوابات پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جا رہی ہے جبکہ قومی خواتین کمیشن نے بھی اسکا نوٹس لیتے ہوئے افسر سے جواب طلب کیا ہے۔