اروناچل پردیش: تین اضلاع میں کالے قانون اے ایف ایس پی اے کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کیلئے توسیع
نئی دہلی یکم اکتوبر (کے ایم ایس) بھارتی حکومت نے ریاست اروناچل پردیش کے تین اضلاع تیرپ، چانگ لانگ اور لونگڈنگ میں کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے نفاذ میں آج (ہفتہ) سے اگلے برس30 مارچ تک توسیع کر دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے حوالے سے بتایا کہ اس کے علاوہ بھارتی حکومت نے ضلع نماسی اور مہادیو پور کے نامسائی تھانے کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں مذکورہ قانون میں توسیع کردی ہے۔
اروناچل پردیش کے تیرپ، چانگ لانگ اور لونگڈنگ اضلاع اور ریاست آسام کی سرحد سے متصل اروناچل پردیش کے نامسائی ضلع کے نامسائی اور مہادیو پور تھانوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں کو آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ 1958 کی دفعہ 3 کے تحت شورش زدہ قرار دیا گیا ہے۔
قبل ازیںبھارتی حکومت نے ان علاقوں کو 01 اپریل سے 30 ستمبر 2022 تک چھ ماہ کے لیے آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت شورش زدہ قرار دیا تھا۔مذکورہ کالا قانون بھارتی فوجیوں کو بغیر وارنٹ کے کسی شخص کو گرفتار کرنے اور بغیر وارنٹ کے احاطے میں داخل ہونے یا تلاشی لینے کے بے لگام اختیارات دیتا ہے یہاں تک کہ یہ قانون انہیں بغیر کسی وارننگ کے کسی شخص کو گولی مارنے کا اختیار بھی دیتا ہے۔