پاکستان کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ماورائے عدالت قتل کی مہم کی شدید مذمت
اسلام آباد 02اکتوبر(کے ایم ایس) پاکستان نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جاری مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قابض بھارتی فورسز نے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید سات بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کو جاری ایک مذمتی بیان میں کہا کہ بھارتی قابض فورسزنے25ستمبر کو کپواڑہ کے قریب ایک واقعے میں دو بے گناہ کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کر دیا۔ ایک اور وحشیانہ تصادم کا واقعہ26ستمبر کو ضلع کولگام میں پیش آیا جس میں قابض فوج نے ایک نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن کے بعد ایک اور بے گناہ کشمیری کو شہیدکر دیا ۔ انہوں نے کہاکہ27ستمبر کو ضلع کولگام میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں مزید دو بے گناہ کشمیریوں کو نام نہاد پولیس مقابلے میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا۔ترجمان نے کہاکہ گزشتہ روز بھی بارہ مولہ میں دو بے گناہ کشمیریوں کو ایک جھڑپ کا واقعہ بنا کرشہید کردیاگیا۔ ترجمان نے کہا کہ ہر نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن کے بعد کئے جانے والے ریاستی جبر اور پولیس مقابلے کے نتیجے میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور قانون اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ5اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد سے اب تک 678بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ بھارتی فورسز نے رواں سال کم از کم 158کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان 2018اور 2019 میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس کی روشنی میں ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کر نے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تحقیقات کرے۔پاکستان عالمی برادری پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پربھارت کا محاسبہ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنائے۔