عالمی برادری بھارت سے پرتشدد ہندوتوا نظریہ برآمد ہونے کا نوٹس لے: انیق احمد
اسلام آباد: پاکستان کے نگراں وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد نے کہا ہے کہ گجرات کے قصائی نے بابری مسجد کی جگہ پر مندر کا افتتاح کر کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بھارت کے دعوے کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا۔
انیق احمد نے ایک بیان میں کہا کہ مذہبی بنیادوں پرلوگوں کوتقسیم کرنابھارت کی ریاستی پالیسی ہے جس سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جمہوری اقدار کی گراوٹ کی مذمت کے لیے الفاظ کم پڑتے ہیں۔نگراںوزیر نے کہا کہ جہاں پورے خطے کے مسلمانوں کو دکھ ہے، ہمیں اس تاریخی حقیقت کو بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ قائداعظم محمد علی جناح درست تھے اور نہرو غلط تھے۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو”ہمارے خطے کا نیتن یاہو”قراردیتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا جدید دور کا نازی ازم ہے۔انیق احمد نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت سے پرتشدد ہندوتوا نظریہ برآمد ہونے کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی مسلمانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔