اقوام متحدہ میں حق خود ارادیت کی قرارداد کی منظوری کشمیریوں کے لیے امید کی کرن ہے: منیر اکرم
اقوام متحدہ 18 نومبر (کے ایم ایس) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ قبضے کے شکار لوگوں کے حق خود اردیت کے حوالے سے پاکستان کی پیش کر دہ قرارداد کی اقوام متحدہ کے ایک پینل کی طرف منظور ی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے۔
منیر اکرم نے نیویارک میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خودارادیت سے متعلق پاکستان کی قرارداد کی وسیع حمایت اور متفقہ توثیق مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔
یہ قرارداد 72 ممالک کے تعاون سے جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں متفقہ طور پر منظور کی گئی، جو سماجی، انسانی اور ثقافتی مسائل کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی کئی دیگر قراردادوں سے متعلق ہے۔
یہ قراردادپاکستان 1981 سے اقوام متحدہ میں پیش کر رہا ہے۔ قرارداد اگلے ماہ جنرل اسمبلی کی توثیق کے لیے پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک اہم کمیٹی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں ان لوگوں کے لیے حق خودارادیت کی توثیق کی گئی جو نوآبادیاتیاور غیر ملکی قبضے کا شکار ہیں۔
72 ممالک کے تعاون سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کو 193 رکنی اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، جو سماجی، انسانی اور ثقافتی مسائل سے متعلق ہے۔