انسانی حقوق

دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز کے زیر اہتمام بھی 27اکتوبر کویوم سیاہ منایا گیا

0اسلام آباد28 اکتوبر (کے ایم ایس)
دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے27اکتوبرکو یوم سیاہ منایااور مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر ی ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں کیونکہ 1947میں اس دن بھارتی فوج نے سرینگر میںاتر کر جموں وکشمیر غیر قانونی طورپر قبضة کر لیاتھا ۔اس سلسلے میں پاکستان کے سفارتی مشنز نے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جن میں سیمینارز اور تصویری نمائشیں بھی شامل تھی۔ ان تقریبات میں متعلقہ ممالک کے معززین، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور وہاں مقیم کشمیریوں نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیروں نے ان تقاریب میں پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عباس سرور قریشی نے کہا کہ بھارت مسلح جارحیت کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کشمیر کاز کیلئے اصولی موقف اور حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ٹوکیو میں اسی طرح کی ایک تقریب میں ناظم الامور عصمت حسن سیال نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے مظالم کا ذکر کیا اور کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تعمیل کرائے۔ اس موقع پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مختلف پاکستانی اور کشمیری تنظیموں نے بھی کینیڈا کے بڑے شہروں بشمول دارالحکومت اوٹاوا، ٹورنٹو، مونٹریال اور وینکوور میں کشمیر سے متعلق مختلف تقریبات منعقد کیں۔کابل میں منعقدہ ایک تقریب میں ناظم الامور سرفراز احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام بین الاقوامی برادری کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے منتظر ہیں۔ روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے ماسکو میں کشمیر کے متعلق یوم سیاہ کی تقریب میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارایت کی تکمیل چاہتا ہے۔قازخستان میں بھی کشمیر یوم سیاہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے موقع پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کرنے والے پوسٹرز اور پمفلٹس کی ایک نمائش بھی لگائی گئی۔ بحرین میں پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی فورسز کی جانب سے معصوم کشمیریوں کے خلاف جارحیت کی یاد میں چانسری بلڈنگ میں منعقدہ ایک تقریب میں کشمیر کا یوم سیاہ منایا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button