برطانوی عدالت نے اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کی بھارت کو حوالگی کی منظوری دیدی
لندن 08نومبر (کے ایم ایس)
برطانیہ کی ویسٹ منسٹر کورٹ نے بھارت سے فرار ہونے والے اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کی بھارت کو حوالگی کی منظوری دی ہے ۔
60سالہ اسلحہ ڈیلرسنجے بھنڈاری پر بھارت میں ہتھیاروں کے بعض سودوں میں غیر ملکی کمپنیوں سے کمیشن کے طورپر 400کروڑ روپے وصول کرنے ، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ان الزامات کی تصدیق دبئی کی متعدد کمپنیوں سے کی گئی لین دین کی دستاویزات سے بھی ہوئی ہے۔ بھارت میں تحقیقاتی اداروں سی بی آئی اور ای ڈی کی جانب سے سنجے بھنڈاری کے خلاف منی لانڈرنگ اور کمیشن کی وصولی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔سنجے بھنڈاری اپنے خلاف تحقیقات شروع ہوتے ہی بھارت سے فرار ہو گیا تھااوربعدازاں برطانیہ میں پہنچنے کی وجہ سے اسے مفرور قرار دیا گیا ۔ بھارتی حکومت نے برطانوی حکومت سے بھنڈاری کی حوالگی کی درخواست کی ہے ۔ 16جون 2020کو اس وقت کی برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے بھنڈاری کی حوالگی کی درخواست قبول کی تھی۔ اس کے بعد اسی سال15جولائی کو اسے حوالگی کے وارنٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیاتھا۔بھنڈاری نے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں ضمانت کی اپیل دائرکی تھی۔ اسے برطانوی عدالت نے سات شرائط پر ضمانت دی تھی ، جس میں اپنا پاسپورٹ 1.2لاکھ پاﺅنڈ کی سیکورٹی کے ساتھ جمع کرانا ، وسطی لندن میں گھر میں نظر بند ہونا اور قریب ترین پولیس اسٹیشن میں روزانہ حاضری دینا شامل ہے۔ سنجے بھنڈاری کی ضمانت پر رہائی کے بعد بھارتی حکومت نے برطانوی عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ جلد اس کی حوالگی کا حکم دے۔ اب برطانیہ کی ویسٹ منسٹر عدالت نے بھنڈاری کی حوالگی کی اجازت دے دی ہے۔ سی بی آئی بھنڈاری سے رابرٹ واڈرا کے لیے بے نامی جائیداد خریدنے کے معاملے میں بھی تفتیش کرنا چاہتی ہے ۔سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں بھی ملوث ہے، جس کی بنیاد پر حوالگی کی اپیل دائر کی گئی تھی۔