کیرالہ :عدالت کی طرف سے ایک مسلمان کے قتل میں آر ایس ایس کے 4غنڈوں کو عمر قید کی سزا
تریویندرم:بھارتی ریاست کیرالہ کے شہرکاسرگوڈ کی ایک عدالت نے ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے چار ارکان کو 2008میں ایک مسجد کے صدر محمد کنوہی کے قتل میں عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 18 اپریل 2008کو محمد کنوہی کو چار ہندوتوا غنڈوں نے اس وقت حملہ کر کے قتل کردیاتھا جب وہ ٹیمپل روڈ پر نمازاداکرنے کیلئے مسجد جارہے تھے۔دو ہندوتوا غنڈوں نے بیٹے کے ساتھ مسجد جاتے ہوئے محمد کنوہی کا راستہ روکاتھا جبکہ باقی دو نے انہیں چاقو کے وار کر کے قتل کردیاتھا۔کاسرگوڈکی ایڈیشنل سیشن کورٹ کی جج پریا کے نے محمد کنوہی کے قتل پر آر ایس ایس کے غنڈوں سنتوش نائک ، کے سیوا پرساد ، اجیت کمار اور کے جی کشور کمارکو عمر قید کی سزا سنائی ۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر ایڈووکیٹ سی کے سریدھرن کے مطابق شہر میں فرقہ وارانہ واقعات میں مسلمانوں کے قتل کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا پہلا واقعہ ہے ۔