مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو عقوبت خانے میں تبدیل کر دیا ہے: غلام احمد گلزار

سرینگر14نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ فسطائی مودی حکومت کی جانب سے قتل و غارت، اندھا دھندگرفتاریاں، املاک کی ضبطی اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیاںکشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتیں۔
غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میں کشمیر کے مختلف علاقوں میں حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوان ہیروز کی بے مثال اور عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔غلام احمدگلزار نے کشمیری نظربندوںکے عزم وہمت، استقامت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں نظربندوں کا کردار سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔حریت رہنما نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی تازہ لہر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک عقوبت خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے ساتھ درجنوں بھارتی تحقیقاتی ادارے، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور نجی مسلح گروپوںکے اہلکاربھارتی فوج کی کمانڈ میںکام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جعلی مقابلوں میں قتل، تشدد، املاک کی تباہی اور خواتین کی تذلیل روز کا معمول بن چکا ہے جبکہ دن دہاڑے خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے اور بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کی افسوسناک صورتحال کا نوٹس لے اور انسانیت کو ہندوتوا دہشت گردی سے بچائے ۔حریت رہنما ڈاکٹر مصعب نے کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لیے عالمی طاقتوں اورانسانی حقوق کی تنظیموں سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں شیخ عبدالمتین، سید اعجاز رحمانی، شمیم شال، سید منظور احمد شاہ، شیخ یعقوب اور محمد سلطان بٹ نے اپنے بیانات میں کہا کہ ہندوتوا فسطائی حکومت کے توسیع پسندانہ عزائم نے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرایک آتش فشاں کی مانند ہے جس کے پھٹنے سے ناقابل تصور تباہی ہوسکتی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button