ہندو انتہا پسند تنظیم کا6دسمبر کو متھورا کی شاہی عیدگاہ مسجدمیں پوجا کرنے کا اعلان
متھورا 26نومبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو انتہا پسند تنظیم اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے6دسمبر کو متھورا کی شاہی عیدگاہ مسجدمیں پوجا کرنے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے ایک رپورٹ میں کہاہے کہ ہندو مہاسبھانے اعلان کیاہے کہ وہ 6دسمبر کو شاہی عیدگاہ مسجد میں لڈو گوپال کا جلابھیشیک اورہنومان چالیسا کا پاٹھ کرے گی۔ ہندومہاسبھا نے کہاکہ تنظیم کے کارکنان ہرصورت میں یہ کام کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق ہندو مہاسبھا اس سلسلے میں خفیہ مقامات پر اجلاس منعقد کررہی ہے اوران اجلاسوں میں 6دسمبر کے حوالے سے پالیسی پر غورہورہا ہے۔ہندو مہاسبھا کے اس اعلان سے علاقے میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔ ہندو مہاسبھا نے گزشتہ سال بھی 6دسمبر کو شاہی عیدگاہ مسجد میں پوجا کرنے کا اعلان کیاتھا۔ تاہم انتظامیہ نے کئی اقدامات کرکے انتہا پسند تنظیم کے پروگرام کو ناکام بنایا تھا۔ ہندو انتہاپسندوں کا دعویٰ ہے کہ شاہی عید گاہ مسجد کو مغل بادشاہ اورنگزیت کے دور حکومت میں بھگوان کرشن کی جائے پیدائش پر تعمیر کیا گیاتھا۔