بھارت :ایمیزون نے کھانے کی ترسیل کے بعد ہول سیل کی تقسیم کا کام بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا
نئی دہلی30 نومبر (کے ایم ایس) امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ایمیزون نے بھارت میں کھانے کی ترسیل کاکاروبار بند کرنے کے بعد اب ملک میں ہول سیل کی تقسیم کا کام بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہول سیل ایمیزون ڈسٹری ای کامرس ویب سائٹ ہے جو بنگلورو، میسور اور ہبلی شہروں کے اسٹورز پر دستیاب ہے۔ ویب سائٹ بھارت میں چھوٹے اسٹورز، فارمیسیوں اور ڈپارٹمنٹ اسٹورز کی مدد کے لیے بنائی گئی تھی۔
کمپنی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہول سیل کا کام مرحلہ وار بند کر دیا جائے گا تاکہ صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایمیزون نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ وہ بھارت میں رواں برس کے آخر تک کھانے کی ترسیل کے کاروبار اور آن لائن لرننگ اکیڈمی کو بند کردے گی۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت کی موجودگی میں عالمی مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھارت میں کاروبار کے حوالے سے انتہائی ناموافق ماحول کا سامنا ہے اور ان میں سے بیشتر نے ملک میں اپنے کاروبار کو سمیٹنا شروع کر دیا ہے۔