بھارتی فوجیوں نے سرحد پر ایک بنگلہ دیشی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا
ڈھاکہ:بھارتی پیراملٹری بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف ) کے اہلکاروں نے سرحدی علاقے کومیلا کے قریب بوریچنگ میں ایک بنگلہ دیشی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی)کے کمانڈر جابر بن جبارنے بتایا کہ یہ واقعہ بکشیمل یونین کے جمٹالہ گائوں کے قریب پیش آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص کی شناخت 50سالہ انور حسین کے نام سے ہوئی ہے جو میرپور گائوں سے تعلق رکھتاتھا۔مقامی یونین پریشد کے ممبر ابولقاسم نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے صبح کے وقت سرحد کے قریب فائرنگ کی آواز سنی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ بھارتی فورسز نے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔بکشیمل یونین پریشد کے چیئرمین عبد الکریم نے بتایا کہ لاش ابھی بھی سرحد پر خاردار تاروں کے قریب پڑی ہوئی ہے۔کمانڈر جابر بن جبارنے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انور نے آج صبح بھارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔بی ایس ایف کے اہلکاروں نے اسے دیکھا اور فائرنگ کردی ۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔