مقبوضہ جموں وکشمیر: سرکاری خزانہ بی جے پی رہنمائوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے: ہرش دیو
جموں04دسمبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی کے رہنما ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کی فلاح و بہبود کے لیے سرکاری خزانے کو استعمال کیا جا رہا ہے جنہوں نے افسرشاہی کی مدد سے سرکاری بنگلوں پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔
ہرش دیو سنگھ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے حال ہی میں حزب اختلاف کے متعدد رہنمائوں کو سرکاری بنگلوں سے نکال دیا ہے لیکن بی جے پی رہنما اب بھی ان عمارتوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہیں اور وہاں تمام سہولیات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری رقم کو علاقے کے عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا جانا چاہئے تھا لیکن حکام اس رقم کو بی جے پی رہنمائوں کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کر رہے ہیں اور ملازمین سمیت عام لوگ اپنے حقیقی مطالبات کے لئے سڑکوں پر ہیں۔