سری نگر میں پوسٹر چسپاں: بیگناہ کشمیری قیدیوں کیساتھ اظہار یکجہتی
سرینگر04 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ان پانچ بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیاہے جنہیں حال ہی میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
این آئی اے کی خصوصی عدالت نے پانچ بے گناہ کشمیریوں معراج الدین چوپان، سجاد احمد خان، بلال احمد میر، مظفر احمد بٹ اور اشفاق احمد بٹ کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
وارثین شہدا جموں و کشمیر کی طرف سے سری نگر کے مختلف علاقوں میں دیواروں اور کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں پر ”کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی“ جیسے نعرے درج ہیں۔
پوسٹروں کے ذریعے حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کو یاد دلایا کہ اسے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔
پوسٹرز میں بھارت کو پیغام دیا گیا کہ کشمیری اس کی ریاستی دہشت گردی کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور حق خودارادیت کے لیے اپنی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔