سمینار

کشمیر جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں قومی کشمیر کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد: کشمیر جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں قومی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیاگیااور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس میں سابق وفاقی وزیر اورمسلم لیگ نون کے رہنمامشاہد حسین سید ،سابق صدر وزیراعظم آزادکشمیرسردار یعقوب خان، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ و سابق وفاقی وزیر مشعال حسین ملک،صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، حریت رہنما الطاف وانی، حمید لون اوردیگر نے شرکت کی۔مشاہد حسین سید نے کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کو چارمرتبہ سبوتاژ کیا گیا۔بھارت کے ساتھ معاملات حل کرنے کے قریب تھے، دودفعہ معاملہ پاکستان سے خراب ہوا اور دودفعہ بھارت نے اس عمل کو سبوتاژکیا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر ایک ہیں جن کے مستقل حل کے لئے ٹرمپ کے ساتھ بات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کوعالمی عدالت انصاف میں لے جانے کی ضرورت ہے۔ سردار یعقوب نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں کو کامیاب بنانے کیلئے صدیاں لگ جاتی ہیں۔تحریک آزادی کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مودی نے اربوں ڈالرز مقبوضہ جموں و کشمیر میں خرچ کئے لیکن کشمیریوں کو نہیں خرید سکا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کانفرنس کے انعقاد پر کے جے ایف انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو انکے بنیادی حق سے محروم نہیں کر سکتی۔ مہمان خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک کے بعد دوسری نسل قربان ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ والدہ کے انتقال پریاسین ملک سے بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اپنے اہل خانہ کی آخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہو سکتے ۔
کانفرنس میں اتفاق رائے سے قرارداد منظور کی گئی جس میں مظلوم کشمیریوںکی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیاگیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیرملکر 2019کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ایک واضح اور دوٹوک موقف قوم کے سامنے رکھیں۔قرارداد میں پاکستان کے تمام میڈیا ہائوسز سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روزانہ کی بنیاد پر میڈیا میں بے نقاب کریں اور ہر خبر نامے میں کشمیر سے متعلق مواد شامل کریں۔ قرارداد میں ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکر یہ ادا کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست جموں کشمیر کی وحدت کا ہر قیمت پر اور ہر محاذ پر تحفظ کیا جائے گا۔ کانفرنس کی صدارت کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر عرفان سدوزئی نے کی جبکہ کانفرنس سے ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر ریٹائرڈلیفٹیننٹ جنرل عبد القیوم ،چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود احمد ، سا بق رکن کشمیر کونسل غلام رضا نقوی ، سابق وزیر اطلاعات آزادکشمیر سردار عابد حسین عابد ، سابق صدر کے جے ایف خاور نواز راجہ ، سیکرٹری جنرل کے جے ایف مقصود منتظر ، ارشد میر ،بشیر عثمانی، سردار عمران اعظم ، سینئر صحافی اعزاز سید ، دانش ارشاد اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button