مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر:حریت رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے نہتے کشمیری کے قتل کی مذمت

سرینگر08اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنمائوں ا ور تنظیموں نے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک نہتے کشمیری شہری پرویز احمد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے آج ضلع کے علاقے Monghalپل پر پرویز احمد کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے شہید کردیا۔
میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات روز کا معمول بن گیا ہے اوربھارتی فوج کوکشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے فوجی طاقت کا استعمال کیا جائے گا تو اس کا نتیجہ خون ریزی اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہی ہو گا۔حریت فورم نے گزشتہ روز سرینگر میں دو اساتذہ ستندر کور اور دیپک چند کے قتل پر بھی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی مقبوضہ علاقے میں خونریزی کاخاتمہ اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں پرویز احمد کے قتل کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انجمن شرعی شیعیان کا روز اول سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جسے تنازعے کے تمام فریقوں کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے پر امن طورپر حل کیاجاناچاہیے ۔
جموں وکشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ،جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ،جموں و کشمیر پولیٹکل ریزسٹنس موومنٹ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصعب،جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ترجمان محمد اقبال،جموں و کشمیر سوشل اینڈ جسٹس لیگ کی رہنما فاطمہ جان اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں اسلام آباد ، سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کی طرف سے پرویز احمد سمیت گزشتہ ہفتے کے دوران متعدد افراد کے قتل پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور ایمنسٹی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا خود جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیمیں جموں وکشمیر بھیجیں ۔ انہوں نے شہیدپرویز احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری سے مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے واقعات کی تحقیقات کے لیے بھارت پر دبائو بڑھانے کی اپیل کی ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button