علی گڑھ: کالج میں نماز پڑھنے پر پروفیسرکو چھٹی پربھیج دیاگیا
علی گڑھ 02جون (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ میں ایک کالج کی انتظامیہ نے کالج کیمپس میں نماز ادا کرنے والے پروفیسر کو چھٹیوں پر بھیج دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی گڑھ کے سری ورشنی کالج کے لا ء ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر شاہ رازق خالد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہیں کالج کے لان میں نماز ادا کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندوتواگروپوں نے کالج کے پرامن ماحول میں مبینہ طورپر خلل ڈالنے پر پروفیسر کے خلا ف کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ کالج انتظامیہ نے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے اور پروفیسر خالد کو ایک ماہ کی چھٹی پر بھیج دیا ہے ۔ کالج کے پرنسپل انیل کمار گپتا کے مطابق پروفیسر خالد نے انہیں بتایا ہے کہ واقعے کے وقت وہ چھٹی پر تھے اور دیر ہونے کی وجہ سے انہوں نے لان میںہی نماز ادا کی تھی ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ضروری کارروائی کی جائیگی ۔ہندوتوا گروپوں نے گاندھی پارک پولیس اسٹیشن میں بھی پروفیسر خالد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے ۔تاہم کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور کالج حکام کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس پر کارروائی کی جائیگی۔