کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 2 سے 9جنوری تک” ہفتہ حق خود ارادیت“منایا جائے گا: عالمی تحریک بیداری
لندن 26 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی تحریک بیداری جموں وکشمیر کے زیر اہتمام 2 سے 9جنوری تک” ہفتہ حق خود ارادیت“ منایا جائے گا۔
عالمی تحریک بیداری جموں وکشمیر کے چیئرمین راجہ اعجاز شائق نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قرارداد کی مناسبت سے برطانیہ، یورپ، پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں ”ہفتہ حق خودارادیت“ کے سلسلے میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور عالمی برادری کو کشمیریوں کے جذبات سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام سال2023میں دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر رکوانے کیلئے مختلف فورمز پر آواز بلند کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ریاست جموں وکشمیر کے باشندے پوری دنیا میں جہا ں جہاں بھی آباد ہیں، ان ممالک کے دارالحکومتوں، پارلیمانی ایوانوں اور تھنک ٹینکس کے ساتھ مل کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کیس ہر سفارتی محاذ پر منظم انداز میں پیش کریں گے۔ راجہ اعجاز شائق نے بتایا کہ اس سلسلے کی پہلی آن لائن کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ، کشمیری اور پاکستانی سیاسی و دیگر قائدین، عوامی نمائندگان اور ریاست جموں وکشمیر کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے اکابرین شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مختلف تنظیموں، سیاسی اکابرین، انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماﺅں، خواتین اور نوجوانوں کی تنظیموں کی مرکزی قیادت کے ساتھ مل کر اس کانفرنس کو کامیاب بنائیں گے۔ راجہ اعجاز شائق نے کہاکہ برطانیہ کے شہر وںمانچسٹر، لندن، برمنگھم، بریڈ فورڈ،پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد،تاریخی شہر لاہور اور آزادجموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباداور تارکین وطن کے شہر میر پور کے علاوہ مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کے دارلحکومتوں میں بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔