ورلڈ کشمیر ایویئرنس فورم ، کشمیر ڈائیسپورا کولیشن کا فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پراظہار تشویش
واشنگٹن: ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور کشمیر ڈائیسپورا کولیشن نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈبلیو کے اے ایف اور کے ڈی سی نے واشنگٹن میں جاری ایک مشترکہ بیان میں دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروںمیں سے ایک پر دو ہفتے تک مسلسل اسرائیلی بمباری کی مذمت کی ہے جس میں جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی گزشتہ76سال سے اسرائیل کے ظالمانہ قبضے، نوآبادیاتی استعمار اور نسل پرست ریاست کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ بیان میں کہاگیاکہ غزہ کے چھوٹے سے شہر سمیت جسے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے”دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل”قرار دیا ہے، فلسطینیوں کو اپنے ہی وطن میں جبری بے دخلی کا سامنا ہے۔بیان میں کہاگیاہے کہ فلسطین میں یہ مظالم اور بڑے پیمانے پر قتل عام مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش بھارتی مظالم کی طرح ہیں جنہیں ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا گیا ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ فلسطین اورکشمیر کے تنازعات کو حل کرنے اورپائیدار امن قائم کرنے کے لئے دونوں تنازعات سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔ اس دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کے لیے فوری جنگ بندی پر زور دینا چاہیے۔
دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسئلہ فلسطین کا تعلق اسلام اور مسلمانوں سے ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہر جمعہ کے اجتماع میں اس مسئلے کو اجاگر کیا جاتا ہے۔