بھارتی فوجی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بیگناہ نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں: محمود ساغر
اسلام آباد08جنوری(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہاہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے اور وہ محاصرے اور تلاشی کارروائیوں کی آڑ میںبیگناہ نوجوانوں کو شہید کر رہے ہیں۔
محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اورآج بھی ضلع پونچھ میںدونوجوانوں کو شہید کیا گیا جبکہ ضلع راجوری سے 18کشمیریوں کو گرفتار کیاگیا ۔انہوں نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے تنازعہ کشمیر کی بنیادی حقیقت کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیرکے بارے میں اپنی ظالمانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیرکو حل کرے۔ حریت رہنمانے کہا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجی جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا بھارتی مظالم کے باوجود حریت پسند کشمیری قیادت اور عوام آزادی کے مقدس مشن پر قائم ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اورہزاروں کشمیری نوجوانوں کو مختلف جیلوں اور حراستی مراکز میں نظر بند کر دیا ہے ۔ حریت رہنما نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوںپر عملدرآمد ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہوگا۔محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی منظورشدہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور تناعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف کشمیری عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں بلکہ عالمی امن کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔