مقبوضہ جموں وکشمیر :انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مظاہرے
جموں 14 جنوری (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں خطے میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
لوگوں نے جموں شہر کے علاقے لوئر روپ نگر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے اس موسم میں بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے وسائل کو استعمال کرکے جو بجلی پیدا کی جاتی ہے وہ یہاں کے لوگوں کو دینے کے بجائے بھارت میں بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کو دی جارہی ہے۔
ضلع پونچھ کے علاقوں سرنکوٹ اور منڈی کے رہائشیوں نے انسداد تجاوزات مہم کے حوالے سے حالیہ حکومتی حکم کے خلاف مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے اس حکم کو سر اسر غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ دراصل لوگوں کوانکی اراضی سے بے دخل کرنے اور انہیں بے گھر کرنا چاہتی ہے۔