اسلام آباد کانفرنس میں شریک مندوبین کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیاں بند کروائیں
سرینگر19 دسمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر احمد عرفانی نے اسلام آباد میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شریک مندوبین سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف ظالمانہ کارروائیاںبند کرانے اور ان کے بنیادی حقوق کا احترام کرانے کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کانفرنس کے شرکاءپر زوردیا کہ وہ بھارت کو متنازعہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکیں اور اس پراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو پر امن انداز میں حل کرنے کے لئے دباﺅ ڈالیںکیونکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہیں جہاںمنظم طریقے سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل کشمیری عوام کو سیاسی،سفارتی اوراخلاقی حمایت کر رہا ہے جس کے لئے اس نے اپنے ملک کی سالمیت کو بھی داﺅ پر لگادیا ۔ مولودی بشیر نے کہاکہ ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر میں قتل وغارت کا سلسلہ جاری ہے اور یہ مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مولوی بشیر نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہو کر کشمیری عوام کو ان کاحق خود ارادیت دلائیں۔انہوں نے کہاکہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس پاکستان میں منعقد کراناحکومت پاکستان کا ایک احسن اقدام اور بڑی کامیابی ہے۔