پاکستان

سلامتی کونسل کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت استعمال کرنے کے قابل بنائے، منیر اکرم

اقوام متحدہ27جنوری(کے ایم ایس )
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانااقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس عالمی نظام کی بنیاد ہیں جس کا تصور اقوام متحدہ کے چارٹر میں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ کے 193رکن ممالک میں سے بیشتر ممالک نے اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کیا ہے، لیکن بہت سے ایسے ہیں جنہیں غیر ملکی قبضے اور جبر کی وجہ سے اس حق کے استعمال سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاان میں سے دو کونسل کے ایجنڈے میں سب سے زیادہ دیرینہ تنازعات فلسطین اور جموں و کشمیر ہیں جہاں پر عوام کے حق خودارادیت کو دبایا جا رہا ہے جو بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔منیر اکرم نے زور دیا کہ جموں وکشمیر اورفلسطین کے عوام کو اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانا سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دنیا 70 سال قبل کی نسبت بہت زیادہ امیر ہے، اس کے باوجود عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے اور امیر و غریب کے درمیان تقسیم بڑھ رہی ہے۔پاکستان کے مستقل مندوب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن قائم کرنے کے لیے مستحکم ترقی کی ضرورت ہے، اور موسمیاتی ایجنڈے کو حاصل کرنا ہے۔ پائیدار امن تک پہنچنے کے لیے ماحولیاتی انصاف کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button