عالمی برادری فلسطین اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کا فوری نوٹس لے، شازیہ مری
اسلام آباد 06 اپریل (کے ایم ایس)
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی 8ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف ریاستی تشدد کیا جا رہا ہے اور اسلامو فوبیا میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے جوکہ قابل مذمت ہے۔
شازیہ مری نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں مسجد اقصی میں فلسطینی عبادت گزاروں پر اسرائیلی فورسز کا ظلم اوربربریت کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی ہے، اس سے قبل بھی ماضی میں رمضان المبارک میں اسی طرح کی بربریت فلسطینیوں کے ساتھ روا رکھی گئی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و تشددمسلسل جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ8بھارتی ریاستوں میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ان کے کاروبار تباہ ، ان کیلئے زمین تنگ کی جا رہی ہے اور وہاں اسلامو فوبیا تیزی بڑھ رہا ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ شازیہ مری نے مزید کہاکہ ہم اس ایوان سے بھی کوشش کریں گے کہ بھارت تک اپنے جذبات پہنچائیں اور مودی حکومت ہوش کے ناخن لے اور اسلامو فوبیا کے خلاف اقدامات بند کئے جائیں اوربھارت کے مسلمانوں کو تحفظ دیا جائے۔