سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفترکو ضبط کرنے کی شدید مذمت
اسلام آباد29جنوری(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک نام نہاد عدالتی حکم پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفترکو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میںسرینگر میں حریت دفتر کو ضبط کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری بھارتی قبضے اور آر ایس ایس اور بی جے پی کے ہندوتوا اور کشمیردشمن ایجنڈے کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیریوں کے جذبات اور خواہشات کی ترجمانی کرنے والا ایک پلیٹ فارم ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت کو اس طرح کے ظالمانہ اور غیر جمہوری اقدامات سے روکے۔انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرپر بھارتی تسلط اور کشمیریوں پر مظالم کو ختم کرانے کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو آمادہ کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت کی کینگرو عدالتیں متنازعہ علاقے میں کشمیریوں پر اپنے فیصلے مسلط نہیں کرسکتیں۔ انہونے کہا کہ بھارت اپنی کینگرو عدالتوں کا استعمال کرکے کشمیریوںکو اپنی جائز جدوجہد سے دستبردار ہونے پر مجبورنہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اوربھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے اس پر غیرقانونی طور قابض ہے ۔انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس کشمیریوں کے حقوق کے لئے پرامن جدوجہدکررہی ہے اوربھارت اس طرح کے غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات سے کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں اسرائیلی طرز کی کارروائیاں شروع کرکے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں اور بھارتی کینگرو عدالتوں کے یہ فیصلے بھی ان ہی کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارت کے ان ظالمانہ ،غیرقانونی اور غیرانسانی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگی بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرکے اپنی جدوجہد کو منزل کے حصول تک جاری رکھے گی ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوںمحمد فاروق رحمانی اورزاہد اشرف نے بھی اپنے بیانات میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں حریت دفتر کو ضبط کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی حکومت کی اس متعصبانہ اور انتقامی کارروائی کافوری نوٹس لے۔