اسلام آباد:سیمینار کے مقررین کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
اسلام آباد:اسلام آباد میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے جیلوںمیں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے انکی رہائی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
سیمینار کا انعقاد کشمیرمیڈیاسروس اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ،محمد یاسین ملک ، ڈاکٹر محمدقاسم فکتو ،آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین ، فہمیدہ صوفی اور دیگر کی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سیاسی نظربندوں کے حوالے سے عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے اس حوالے سے عالمی معاہدوں اور کنونشوں پر دستخط بھی کر رکھے ہیں لیکن اسکے باوجوداس نے کشمیری نظر بندوں کوطبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے۔ مقررین نے کہاکہ بھارت حریت رہنماﺅںاور کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی کو دانستہ طورپر طول دیکر انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے سیدعلی گیلانی ، محمد اشرف صحرائی اور الطاف حسین شاہ دوران نظربندی وفات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت تمام نظر بند رہنماﺅں کو آہستہ آہستہ موت کے منہ میں دھکیلنا چاہتی ہے۔انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت نے بیسیوں کم عمر کشمیری بچے بھی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر رکھے ہیں۔ سیمینار کے مقررین کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور بھارتی حکومت پر دباﺅ ڈالنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث اپنے فورسز اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
سیمینار کے مقررین میں جسٹس (ر)شاہ خاور،جسٹس (ر)چوہدری اعجاز،معروف قانون دان ایڈووکیٹ شعیب شاہین،کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی ، چیئرمین جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال ،جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن ایڈووکیٹ شبیر احمد مرزا، ماہر قانو ن ڈاکٹر گوہر ، پر ویز احمد ایڈووکیٹ ،عتیق رسول ایڈووکیٹ، ڈاکٹر مجاہد گیلانی، احمد بن قاسم، ،احمد بن قاسم،،سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ اورکشمیری حریت رہنماعبد الحمید لون شامل تھے۔