آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر:یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری

5 febمظفرباد31جنوری(کے ایم ایس)
آزاد جموں و کشمیر میں 5 فروری کوبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے” یوم یکجہتی کشمیر ”منانے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور کارکنوں نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بھر پور حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جسے گزشتہ 76سال سے بھارت نے سلب کر رکھا ہے ۔رواں سال یہ دن 5اگست 2019کو مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے غیر قانونی اقدام کے تناظر میں منایا جارہا ہے ۔پاکستان اورآزاد جموں و کشمیر میں یہ دن روایتی جوش و خروش سے منانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ 5فروری کو آزاد جموں و کشمیر میں عام تعطیل ہوگی۔پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور حکومتیں ہر سال اس دن کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کیلئے مناتے ہیں بلکہ مقبوضہ علاقے کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کرتی ہیں۔ دن کا آغاز شہدائے کشمیر، جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوگا۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور بیرون ملک میں اس موقع پر بڑے پیمانے پر ریلیاں، سمپوزیم، واک فار پیس، کنونشن ،میٹنگز اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو ملانے والے تمام چھ پلوں پرپاکستانی اور کشمیری مل کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے جس میں تمام جماعتوں کے کارکنان سماجی تنظیموں ،تاجر برادری ،وکلا اورسکول و کالج کے طلبا سمیت عوام کی کثیر تعداد شرکت کریں گے ۔ اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔ چیئرمین نیشنل ایونٹس آرگنائزنگ کمیٹی اور میرپور کے ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کی تحریک بھرپور طورپرجاری ہے اور یوم یکجہتی کشمیر سے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کو ایک نیا ولولہ ملتا ہے ۔ دریں اثنا متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام بھی 5 فروری کو ریلیاں اورجلوس نکالے جائیں گے ۔سکھر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی ریلی نکالی جائیگی جس سے مولانا حزب اللہ جاکھرو، ممتاز حسین سہتو اور دیگر سینئر رہنما خطاب کریں گے۔اہلسنت والجماعت، پاکستان سنی تحریک، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل، شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائزیشن کے علاوہ دیگر فلاحی تنظیموں کے زیر اہتمام بھی ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button