اقوام متحدہ کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لے ، فاروق رحمانی
اسلام آباد18نومبر(کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئررہنماء محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ کشمیرکی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور انکی جلد رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ دوران حراست کشمیری نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک اور وکلا تک رسائی کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما اور سرما کے دوران علاج معالجے سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے کشمیری نظربند علیل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے کشمیری سیاسی نظربند مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو یاد دلایا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے دیرینہ مسئلے کو فراموش کر دیا گیا ہے اور مودی حکومت کشمیر ی عوام بالخصوص مسلمانوںکے ساتھ غلاموںجیسا سلوک رو ارکھے ہوئے ہے ۔ فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی نظر میں کشمیری مسلمانوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ، جنیوا کنونشن اورحتی کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جموں و کشمیر پر 2018اور 2019کی رپورٹوںکو بھی بھارت نے کوئی اہمیت نہیں دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئررہنماء نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے مصائب اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم مقبوضہ علاقے بھیجے۔