مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شوپیاں میں دکانداروں کا احتجاج
سرینگر03فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی کشمیردشمن پالیسیوں کے خلاف ضلع شوپیاں میں دکانداروں نے احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ناگ بل کے سینکڑوں دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر کے انسداد تجاوزات کی نام نہادمہم کی منسوخی کیلئے احتجاج کیا۔ناگ بل، شوپیاں میں احتجاجی ہڑتال کی گئی جبکہ کیلر شوپیاں کے مرکزی بازار میں گزشتہ روز مہم کے خلاف ہڑتال کی گئی تھی ۔ دکانداروں نے قابض انتظامیہ سے عوام دشمن اس مہم کی منسوخی کا مطالبہ کیا جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے جبری بے دخل کرناہے۔ ایک دکاندار نے میڈیا کو بتایا کہ قابض انتظامیہ کی توجہ اپنے مطالبے کی جانب مبذول کرانے اور زمینوں سے بے دخلی کے احکامات کی منسوخی کیلئے ان کے پاس دکانیں بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حکم سے وہ بے روزگار ہوجائیں گے اور ان کے اہلخانہ بھوکے مر جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ سیب کے کاشتکار تھے اور اس کی پیداوار میں کمی کے بعد انہوںنے زمینیں بیچ کر یہ دکانیں خرید ی تھیں اور قابض انتظامیہ انہیں دکانیں خالی کرنے کا کہہ رہی ہے۔ ہم اپنے خاندانوں کو کیسے پالیں گے؟ ہم اپنی روزی کیسے کمائیں گے؟