یوم یکجہتی کشمیر

راولپنڈی :پنجاب کونسل آف دی آرٹ نے ”یوم یکجہتی کشمیر“ بھرپور طریقے سے منایا

راولپنڈی 05 فروری (کے ایم ایس) پنجاب کونسل آف دی آرٹ نے” یوم یکجہتی کشمیر“ کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر کے محکوم لوگوں پر بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی تھے۔ انہوں نے نمائش کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر عالمی امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج تک لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انہیں حق خود ارادیت دیا جائے۔
ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارتی جبر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا، ہر کشمیری پاکستان سے بے پناہ محبت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تصویری نمائش سے قبل مری روڈ سے آرٹس کونسل تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے ارکان سمیت طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ٹیبلوز، تقریری اور کشمیری گیتوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ٹیبلو کے مقابلوں میں ایگل پبلک سکول نے پہلی، ایمز سکول سسٹم نے دوسری، الفاروق پبلک سکول نے تیسری جبکہ گرین ویلی سکول نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلوں میں معصومہ، تہنیہ عابد، سحر فاطمہ اور سائر نے بالترتیب پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ کشمیری گیتوں کے مقابلوں میں مبینہ پہلے، شایان دوسرے، عائشہ تیسرے اور ایمان فاطمہ چوتھے نمبر پر آئیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button