نگران وزیر اعظم کی طرف سے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ
مظفرآباد:
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں اوربہنوں کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نگران وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے دورے کے دوران کیا ۔ اس موقع پرانوار الحق کاکڑ نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق اور سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبرسے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ ان سمیت پوری پاکستانی قوم حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حتمی و منصفانہ حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزاد و غیر جانبدار استصوابِ رائے کے تحت ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، نہتے اور معصوم کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔نگران وزیراعظم نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حقِ خود ارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر اور سپیکر نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد کے دورے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو وزیر اعظم انوار الحق کی یومِ یکجہتیِ کشمیر کیلئے مظفر آباد آمد سے واضح پیغام مل گیا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری بہن بھائیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔