اسلام آباد: فاسٹ یونیورسٹی میں ” یوم یکجہتی کشمیر“ کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد
اسلام آباد 09(کے ایم ایس ) اسلام آباد کی فاسٹ یونیورسٹی میں ” یوم یکجہتی کشمیر“ کی مناسبت سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری کی بیش بہا قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتی مظالم کے باعث مقبوضہ وادی وادی جہنم بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے قبل ہی 19جولائی 1947کو الحاق پاکستان کی قرار داد منظور کی تھی لیکن بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس فوج کشی کی اور جموںوکشمیر پر قبضہ جما لیا۔ انہوںنے کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں تاہم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
آزاد جموں وکشمیر کی سابق وزیرفرزانہ یعقوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو بڑے پیمانے پربھارتی مظالم اور پابندیوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محکوم کشمیریوں کا ایک بڑا وکیل ہے جو کشمیریوں پر بھارتی جبر واستبداد عالمی فورموں پر موثر طریقے سے اجاگر کر رہا ہے ۔ انہوںنے طلباءپر زور دیا کہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی چیرہ دستیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی بھر پور کوشش کریں۔سیمینار کی نظامت کی ذمہ داری طالب علم شیخ احمد معظم نے انجام دی۔