جموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی تسلط عالمی ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے، مقررین
اسلام آباد 18 اگست (کے ایم ایس)
فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کے بارے میں منعقدہ ایک ویب نار کے مقررین نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم وبربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی تسلط عالمی ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج جنت نظیر وادی کشمیر کو کشمیریوں کے لہوسے رنگین کر دیاگیا ہے اور پورا خطہ ایک انسانی جیل کی صورت اختیار کر چکا ہے جہاں کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق بھی حاصل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تمام حریت قیادت بھار ت کی دوردراز جیلوں میں قید ہے اور علاج معالجے کی سہولیات کے بغیر ابتر صورتحال سے دوچار ہے۔آج کشمیری کا لے قوانین کی بدولت اپنے گھروں میں محفوظ نہیںہیں اور بھارتی فوجی جب چاہیں ، جہاں چاہیں کسی بھی کشمیری کوتلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کی آر میں شہید کر دیتے ہیں۔مقررین نے کشمیر میں ہونے والی ڈیموگرافک تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہوئے زور دیا کہ بھارت کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کو روکنے کے لیے جارحانہ سفارتی حکمت عملی اپنانا ہوگی اور اور بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرنا ہو گا۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔مقررین میں فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، لارڈ قربان حسین، لارڈ واجد خان،ڈاکٹرافضل خان ،شفق محمود، مشال ملک، نثار میمن ، ترگء ایورن، علی رضا سید،مرزا آصف جرال ، زاہد ہاشمی، ظفر قریشی ، میر غلام مصطفی، فرخ اویس چودھری ، عبدالحمید لون وائس چیرمین فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اوردیگر شامل تھے۔ ویب نار کی نظامت کے فرائض ریحانہ علی نے انجام دیے۔