مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں پوسٹرز چسپاں
سرینگر10 فروری (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز آویزاں ہیں جن میں لوگوں سے کل ممتاز کشمیری آزادی پسند رہنما محمد مقبول بٹ کی شہادت کی 39 ویں برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی گئی ہے
بھارتی حکام نے محمد مقبول بٹ کو تحریک آزادی کشمیر میں اہم کردار ادا کی پاداش میں 11 فروری 1984 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر انکا جسد خاکی جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی تصویروں والے پوسٹر آویزاں ہیں جن میں لوگوں سے جمعرات اور ہفتہ کو مکمل ہڑتال کرنے کی تاکید کی گئی
جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر لبریشن الائنس، وارثین شہدا جموں و کشمیر، جموں اور کشمیر کی طرف سے لگائے گئے پوسٹرز سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں پر چسپاں کیے گئے ۔ کشمیر صدائے مظلوم اور دیگر تنظیموں کی جانب سے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گرو کی تصاویر والے پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد میں مصروف ہیں۔
پوسٹرز میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مودی کی زیر قیادت فاشسٹ بھارتی حکومت کے خطہ کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔