جموں وکشمیرلبریشن کمیشن کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ
راولپنڈی 11فروری(کے ایم ایس)جموں وکشمیرلبریشن کمیشن کے زیراہتمام یوم شہدائے کشمیر بڑے جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا اور اس سلسلے میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما، سیاسی وسماجی تنظیموں کے زعمائ، سول سوسائٹی کے نمائندے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ یہ دن منانے کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میںآزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقید ت پیش کرنا ہے جن میں محمد مقبول بٹ، ، محمد افضل گورو، سید علی گیلانی، برہان مظفر وانی،محمد اشرف خان صحرائی اور شیخ عبدالعزیزسمیت دیگر شہداء شامل ہیں۔ مظاہرہ سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیرشاخ کے کنوینر محموداحمدساغر، سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین، سیکرٹری کشمیر کاز آرٹس اینڈ لینگویجز اعجاز حسین لون، سیاسی وسماجی رہنما سردارمحمد صدیق اوردیگرنے خطا ب کیا۔ محموداحمد ساغر نے کہا کہ شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا مقصد ان کی قربانیوں سے نوجوان نسلوں کو روشناس کروانا ہے اور ان شہدا کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ شہیدمقبول بٹ اور شہید افضل گورو کے جسدخاکی کشمیریوں کو واپس کرے تاکہ انہیں سرینگر میں دفن کیا جاسکے۔ اعجاز حسین لون نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پون صدی سے جاری وساری ہے۔ اس راہ میں لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔ اب ان کی تیسری اور چوتھی نسل بھارتی ظلم وجبر کے سامنے سینہ سپر ہے۔ وہ اپنے ارادے میں پختہ ہیں اور ان کی جدوجہد غیرمتزلزل ہے۔ ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ آزادی کی اس جنگ میں شریک ہیں۔ شیخ عبدالمتین نے کہا کہ کشمیری شہداء نے اپنے وطن اور اپنی قوم کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ عظیم شہدا ہیں جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اپنے لوگوں کی خدمت میں گزرا اورانہوں نے غاصب فوج کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔ آج کشمیریوں کا بچہ بچہ ان عظیم شہدا کے نقش قدم پر کاربند ہے۔ سردار محمد صدیق نے کہا کہ بھارت سفاک دشمن ہے جس نے کشمیریوں کوان کی تحریک آزادی سے روکنے اورحق خودارادیت سے محروم رکھنے کے لیے ان کا قتل عام کیا۔انہوںنے کہاکہ ایک دن بھارت کو عالمی عدالت انصاف کے سامنے جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف اپنے جنگی جرائم پر جوابدہ ہونا پڑے گا۔