بھارتپاکستان

بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے 2019میں پلوامہ کا فالس فلیگ آپریشن کیا

اسلام آباد14فروری(کے ایم ایس) بھارت بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے فالس فلیگ آپریشنوں سمیت مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
2019میں آج ہی کے دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں پلوامہ حملہ بھی فالس فلیگ آپریشن کی ایک مثال ہے۔ضلع پلوامہ میں بارود سے بھری ایک گاڑی انڈین سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے میں شامل ایک بس سے ٹکرا نے سے 40سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔فروری 2019 میںپلوامہ کا حملہ بی جے پی حکومت کا ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا لیکن وہ اس واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہا۔بی جے پی اور آر ایس ایس کے حمایت یافتہ بھارتی صحافی ارنب گوسوامی کے لیک ہونے والے پیغامات سے اب یہ بات بالکل واضح ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان پر حملہ کرنے کے لیے بھارتی فوج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور دائیں بازو کے میڈیا کے ساتھ مل کر پلوامہ واقعے کی سازش رچائی۔ پلوامہ حملے کا سب سے زیادہ فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا کیونکہ اس نے پاکستان مخالف انتخابی مہم کے بعد لوک سبھا انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔پاکستان کے وزیر اعظم سمیت دنیا بھر کے رہنمائوں نے واقعے کی مذمت کی۔ پاکستان نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی لیکن بھارتی حکومت نے مناسب تحقیقات کے بغیر فوری طور پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیااورجنگ کا خطرناک راستہ اختیار کیا۔بھارتی سیاسی جماعتوں نے بھی اس حملے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔ بھارتی کانگریس کے رہنما اودت راج نے کہا کہ اقتدار کے بھوکے نریندر مودی نے بھارتی پارلیمانی انتخابات سے چند ہفتے قبل پلوامہ کے دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کی تھی تاکہ ملک پر اپنی گرفت کومضبوط کیا جائے۔ بھارت کے ضلع وایناڈ سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ نے سوال اٹھایاکہ حملے سے سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا اور حفاظتی اقدامات میں خامیوں پر کوئی جوابدہی کیوں نہیں کی گئی۔بھارتی ریاست گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ شنکر سنگھ واگھیلا نے یہ سوال اٹھاتے ہوئے کہ سی آر پی ایف کے قافلے کو جموں سے جہاز کے ذریعے کیوں نہیں بھیجا گیا، کہا کہ پلوامہ حملہ ایک جعلی آپریشن تھا ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما، شیخ مصطفی کمال نے انکشاف کیا کہ 2016کا اوڑی حملہ اور 2019کا پلوامہ حملہ مودی حکومت کی طرف سے رچائی گئی سازش تھی۔ انہوں نے دونوں حملوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔پلوامہ حملہ اور اس کے بہانے بالاکوٹ کا فضائی حملہ جیسی جعلی کارروائیاں پاکستان کے خلاف بھارت کے ہائبرڈ جنگ کا حصہ ہیں۔ بھارت پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے اور دہشت گردی کے گڑھ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button