بھارت : کرناٹک میںہندوتوا گروپوں کی طرف سے ایک بارپھر حلال گوشت کے بائیکاٹ کی اپیل
بنگلورو22مارچ(کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک میں حلال بمقابلہ جھٹکا تنازعہ ایک بار پھر سامنے آیاہے جب ہندوتوا گروپوں نے کمیونٹی کے ارکان کو مسلمانوں کی طرف سے تیار کردہ حلال گوشت نہ کھانے کی اپیل کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے یہ اپیل یوگاڈی اور ہوسا توڈوکو تہواروں کے موقع پر کی گئی ہے۔ کرناٹک بھر میں تہواروں کے موقع پر گوشت کھایا جاتا ہے۔”ہوسا توڈوکو”مناتے ہوئے تمام گائوں، شہروں اور قصبوں میں گوشت والے کھانے پکائے جاتے ہیں اور دوستوں اور رشتہ داروں کو دعوتیں دی جاتی ہیں۔ حلال گوشت پر پابندی کا مطالبہ ہزاروں مسلمان تاجروں کو متاثر کرنے کے لئے کیاجاتا ہے۔کرناٹک کے” ہندو جن جاگروتھی ویدیکے” کے ارکان نے بنگلورو کے ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم پیش کیا ہے جس میں گوشت کی دکانوں کو حلال سرٹیفکیٹ نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے حلال گوشت پر پابندی لگانے اور یوگاڈی تہوار کے دوران ہندوئوں کے لیے صرف جھٹکا گوشت کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔یوگاڈی آج منایا جا رہا ہے اور ہوسا توڈوکو کل (جمعرات کو)منایاجائے گا۔